اسلام آباد: تحریک انصاف نے مختلف ممالک میں پارٹی کا نام استعمال کرنے والی ذیلی تنظیموں سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے باضابطہ آئینی سرکلر جاری کردیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کیا گیا جس پر سیکریٹری جنرل ارشد داد کے دستخط موجود ہیں۔ سرکلر میں یوتھ کونسل لاہور، یوتھ کونسل مڈل ایسٹ سعودی عرب، پاکستان انصافین فورم قطر کا نام سرکل میں شامل ہے۔
علاوہ ازیں تحریک انصاف جنون گروپ یو اے ای، تحریک انصاف دبئی کشمیر چیپٹر، ویلفیئر ونگ سعودیہ اور تحریک انصاف ہالینڈ کے ناموں سے بنائی جانے والی تنظیموں سے بھی تحریک انصاف لاتعلقی کا اعلان کیا۔
سرکلر میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ متذکرہ تنظیموں کا پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی پارٹی کی جانب سے انہیں کوئی شناخت دی گئی۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف قوم سے کیے تمام وعدے پورے کرے گی: گورنرپنجاب
یاد رہے کہ تحریک انصاف کا 23واں یومِ تاسیس یکم مئی کو منایا جائے گا جس کی مرکزی تقریب اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقد کی جائے گی، تقریب میں وزیر اعظم بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
تحریک انصاف نے یومِ تاسیس کی تیاریوں کا آغاز کردیا اس ضمن میں ایک روز قبل چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجاز احمد چوہدری، سینٹر فیصل جاوید اور ڈاکٹر ابوالحسن سمیت دیگر شریک ہوئے تھے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ یوم تاسیس کی مرکزی تقریب اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقد کی جائے گی جس میں بانی چیئرمین و وزیراعظم بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے، تقریب میں پارٹی کا نظر ثانی شدہ آئینی مسودہ منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا ۔
پاکستان تحریک انصاف کی قومی کونسل مجوزہ آئینی مسودے کی باضابطہ منظوری دے گی ، جبکہ بانی چیئرمین و وزیراعظم عمران خان یوم تاسیس کی تقریب سے خصوصی خطاب کریں گے ۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف نے چمکتا دمکتا کراچی مہم کا افتتاح کردیا
وزیراعظم اپنے خصوصی خطاب میں مستقبل کے اہداف کا احاطہ اور بائیس سالہ جدوجہد کا اجمالی جائزہ بھی پیش کریں گے، یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی آئین کی منظوری کے بعد مرکزی و صوبائی تنظیمی تبدیلیاں کی جائیں گی۔