پی ٹی آئی نے آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں احتجاج کا فیصلہ کرتے ہوئے ارکان کو ایوان میں پوسٹرز اور پلے کارڈز لانے کی ہدایت کر دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج شروع ہو رہا ہے۔ اس اہم اجلاس میں اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف نے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے اور اپنے ارکان پارلیمنٹ کو ایوان میں پوسٹرز اور پلے کارڈز لانے کی ہدایت کر دی ہے۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے حق کے لیے پارلیمنٹ میں احتجاج اپوزیشن جماعت کا حق ہے اور ہم اسی حق کو استعمال کرتے ہوئے آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں احتجاج کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحفظات کے باوجود مذاکرات کا حصہ بنے اور کھلے دل کے ساتھ مذاکرات میں بیٹھے۔ ہم نے صرف دو مطالبات رکھے تھے اور جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے 7 دن کا ٹائم فریم دیا تھا۔ بدقسمتی سے حکومت نے اس ٹائم فریم میں ہمارا مطالبہ نہیں مانا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے سات روز بہت تھے۔ ہم اس پر دوبارہ غور بھی کر لیتے ہیں لیکن حکومت کمیشن بنانے کا تو اعلان کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ بانی نے حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
دوسری جانب حکومتی کمیٹی نے پی ٹی آئی سے اس معاملے پر تھوڑا صبر کرنے کی اپیل کی ہے۔
’کچھ دن ٹھہر جائیں، مذاکرات کا عمل نہ چھوڑیں‘: حکومت کا پی ٹی آئی کو مشورہ