اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کیلیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مدد طلب کر لی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی احتجاج کے باعث راستوں کی بندش پر جڑواں شہروں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا، تاہم اب اوگرا نے مصنوعات کی ترسیل کیلیے مدد مانگی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن، چیف سیکرٹریز اور مقامی انتظامیہ کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مدد کی درخواست کی گئی۔ اوگرا نے کہا کہ ریٹیل آؤٹ لیٹس تک آئل ٹینکرز کی بلا روک ٹوک نقل و حمل یقینی بنائیں۔
گزشرہ روز آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے رہنما نعمان علی بٹ نے بتایا تھا کہ راستے بند ہونے کی وجہ سے پیٹرول پمپ تک رسائی ممکن نہ ہو سکی، آئل ٹٰنکر کنٹریکٹر ایسوسی نے ضلعی انتظامیہ سے راستے کھولنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ اگر راستے نہ کھولے گئے تو کل سے پیٹرول پمپ مکمل طور پر بند کردیں گے۔
پی ٹی آئی احتجاج کے پیشِ نظر جڑواں شہروں اور اطراف میں معمولات زندگی شدید متاثر ہیں۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ گزشتہ روز حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات ہوئے تھے۔ حکومت کی جانب سے گزشتہ روز امیر مقام، ایاز صادق اور محسن نقوی مذاکرات میں موجود ہیں، پی ٹی آئی کی جانب سے اسد قیصر، شبلی فراز اور بیرسٹر گوہر شریک تھے۔