لاہور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے صدر نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر لاہور کے صدر کو شوکازنوٹس جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات کھل کرسامنےآگئے ، پی ٹی آئی پنجاب کے صدرنےلاہورکےصدر کوشوکازنوٹس جاری کردیا۔
اکمل خان باری کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پرشوکاز نوٹس جاری کیاگیا، جس میں کہا ہے کہ اکمل باری پارٹی کی اجازت کے بغیرتقریبات کیلئےاین او سی حاصل کرتے ہیں۔
شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ پارٹی پلیٹ فارم سے ریلی یا جلسے کے اعلان سے قبل قیادت کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، اکمل باری پارٹی کی صوبائی قیادت کو تین روز میں اپنی پوزیشن سے متعلق وضاحت دیں۔
یاد رہے اکمل باری نے10 اپریل کو بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئےریلی نکالنے کا اعلان کر رکھا تھا۔
مزید پڑھیں : پارٹی رہنماؤں کے ایک دوسرے پر الزامات، چیئرمین پی ٹی آئی کا اہم اقدام
یاد رہے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے پارٹی رہنماؤں میں چقلش اور اختلافات کی خبریں آنے پر سینئر رہنماؤں کو اہم ہدایت جاری کی تھی۔
بیرسٹر گوہر نے مرکزی رہنماؤں علی امین گنڈاپور، اسدقیصر اور تیمورجھگڑا سے رابطے کر کے انہیں ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے روک دیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ آئندہ پارٹی عہدیدار عوامی سطح پر اختلافات کا اظہار نہیں کریں گے پارٹی اپنے تمام معاملات مناسب فورم پر ہی حل کرے گی۔