لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں کی گئی کرپشن کی تحقیقات کے لیے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پنجاب نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے 2019 کی مالی بدعنوانی کے 18 کیسز اینٹی کرپشن بھجوا دیے ہیں۔
پی اے سی پنجاب نے ڈیرہ غازی خان اور فیصل آباد ڈی ایچ اوز میں مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات ڈی جی اینٹی کرپشن کے سپرد کی ہیں، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تھری نے تحقیقات کے لیے وزیر اعلیٰ کی معائنہ ٹیم سے بھی مدد حاصل کر لی ہے۔
عثمان بزدار دور سے متعلق محکمہ صحت سمیت دیگر محکموں کا ضروری ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا ہے، پی اے سی پنجاب نے واضح کیا ہے کہ ریکارڈ فراہم نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
عثمان بزدار دور حکومت سے متعلق اہم خبر
یاد رہے کہ دو ہفتے قبل پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ڈی جی خان میں سرکاری اسکولوں میں سرکاری فنڈز غیر قانونی طور پر خرچ کیے گئے، سرکاری اسکولوں میں رقم خرچ کرنے کی با ضابطہ منظوری نہیں لی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق 21-2020 میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے فرنیچر اور دیگر اشیا کی خریداری کے لیے 9 کروڑ 90 لاکھ روپے خرچ کیے، تاہم اس رقم سے فرنیچر اور دیگر اشیائے ضرورت کی کسی سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔