منگل, فروری 25, 2025
اشتہار

پی ٹی آئی کا اسحاق ڈار اور فیصل کریم کنڈی کے بیانات پر ردعمل

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے بیانات پر ردعمل دے دیا۔

ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے ردعمل میں کہا گیا کہ کٹھ پتلیوں کا بڑی جماعت کو مذاکرات کی دعوت دینا مضحکہ خیز ہے، رات کی تاریکی میں مینڈیٹ چرا کر جعلی عہدوں پر مسلط ہوتے ہیں، ایسے غلاموں کے پاس کوئی اختیار ہے اور نہ کسی قول وفعل کی کوئی وقعت ہے۔

پی ٹی آئی نے کہا کہ آئے روز پروپیگنڈا مہم کی آڑ میں چیخ و پکار بتا رہی ہے ناجائز اقتدار خاتمے کے قریب ہے، قومی مجرم قوم کے مفاد میں فیصلے لینے کا اختیار رکھتے ہیں اور نہ مفاہمت کی گنجائش ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کی حیثیت یہ ہے اس کا منشی پیٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ برعکس کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مینڈیٹ چور ٹولے کی اپنی صفوں میں موجود جاوید لطیف جیسے لوگ گواہی دے چکے ہیں، جعلی مینڈیٹ کی حامل مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے کوئی بات نہیں ہوگی، مذاکرات کا چورن بیچنے کی بجائے یہ ٹولہ قوم سے جرائم کی معافی مانگے، مینڈیٹ چور ٹولہ فوری عوامی مینڈیٹ واپس کریں۔

قبل ازیں ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں کہا کہ بس بہت ہوگیا جو ریاست کے خلاف کھڑا ہوگا اس سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ٹیک آف کرنے کے دوران کتنی بار گرانا ہے؟ ہم پاکستان کو کئی بار ٹیک آف کرتے گرا چکے ہیں لیکن اب بس کریں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ سانحہ نو مئی ریاست کے خلاف اٹھنا تھا، جی ایچ کیو، جناح ہاؤس اور تنصیبات پر حملہ کرنے پر کوئی معافی نہیں دے سکتا، فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں جس مؤقف کا اظہار کیا وہ ہر پاکستانی کا مؤقف ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ کے ریمارکس سے متعلق سوال پر تبصرہ سے گریز کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جسٹس اطہر من اللہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کو جو جواب دیا ہے اس پر انہی سے پوچھیں۔

وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ سی پیک اور سکیورٹی کے حوالے سے ایشوز موجود ہیں، وزیر اعظم کے دورہ چین میں بھی اس حوالے سے بات ہوگی۔

دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی ماضی کی غلطیوں پر معافی مانگے تو بات کرنے کیلیے تیار ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی بانی کے ٹوئیٹ سے لاتعلق ہے، یہ ٹوئٹ کو اَون کر رہے ہیں نہ ڈیلیٹ، یہ چوری کرتے ہیں اور سینہ زوری بھی، نو مئی کے ملزمان تو کے پی میں وزیر اعلیٰ بن گئے، گورنر کے پی ہاؤس کسی سازش کا گڑھ نہیں ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں