اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم و قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی بریت پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔
پی ٹی آئی کے ترجمان نے ردعمل میں کہا کہ پس پردہ سمجھوتے کے تحت قومی مجرم کو ملنے والا ریلیف نظام انصاف کا قتل ہے، نواز شریف کی پانامہ پیپرز میں بے نقاب کرپشن کی داستان قوم کے ذہنوں میں نقش ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جھوٹے قطری خط، کیلیبری فونٹ اور جعلی ٹرسٹ ڈیڈز جیسے شواہد مجرم ثابت کرنے کیلیے کافی ہیں، کرپٹ شریف خاندان کی تین دہائیوں پر محیط کرپشن کا کچا چٹھا پاناما لیکس میں سامنے آ چکا ہے، ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کی رسیدیں آج تک عدالت میں پیش نہیں کی گئیں۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستانی قوم سزا یافتہ قومی مجرم کی واپسی کو یکسر مسترد کر چکی، قوم سیاسی انجینئرنگ کے ایک نئے تجربے کو ہرگز قبول نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ نیب قوانین میں ترمیم اور مرضی کے افراد کی تعیناتی سے مجرم کیلیے ریلیف کی راہ ہموار کی گئی۔