لاہور: حمزہ شہباز کی پریس کانفرنس پر تحریک انصاف کا جواب آ گیا، عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ پریس کانفرنس رونے دھونے اور نیب کو بلیک میل کرنے کے علاوہ کچھ نہیں تھی۔
تفصیلات کے مطابق آج احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے چیئرمین نیب کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ عدالتیں کہہ چکی ہیں نیب سیاست زدہ ہو چکی ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما عمر سرفراز چیمہ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز کو 26 ملین ڈالر کا حساب دینا ہوگا، وہ نہیں بتا سکے 26 ملین ڈالر اکاؤنٹ میں ٹی ٹی کے ذریعے کیسے آئے، پریس کانفرنسوں میں اداروں کو بلیک میل کرنے سے جان نہیں چھوٹے گی۔
عمر سرفراز کا کہنا تھا کہ میڈیا کے سامنے بڑھکیں جب کہ عدالت میں پیش کرنے کو کوئی ثبوت نہیں ہیں، پورا ٹبر کبھی نیب، کبھی جے آئی ٹی، کبھی عدالت اور کبھی اداروں پر حملے کر رہا ہے، پاناما لیکس کے بعد سے اب تک خاندان دھونس اور دھمکیوں کا استعمال کرتا آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حمزہ شہبازکا لاہور ہائی کورٹ بنچ پراچانک عدم اعتماد کا اظہار
انھوں نے مزید کہا کہ حمزہ کے والد سمیت خاندان کے کلیدی افراد مفرور یا نیب میں زیر تفتیش ہیں، سیاست کی سیڑھی استعمال کر کے یہ خاندان ملک کا کرپٹ ترین خاندان بن چکا ہے، جمہوریت سے حمزہ شہباز کے خاندان کا دور دور تک تعلق نہیں۔
خیال رہے کہ حمزہ شہباز نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ میں اپنی ذات کے لیے بات نہیں کر رہا، میں چاہتا ہوں کہ احتساب ہو تو سب کا ہو، میں نے اٹھارہ کروڑ ظاہر کیے، چیئرمین نیب اب پارلیمانی کمیٹی سے بھاگ نہیں سکتے۔