لاہور: شریفوں کی لودھراں سے نئی محبت بھی جھوٹی ہے، نوازشریف آئینی وقانونی طورپراب وزیر اعظم نہیں بن سکتے، ن لیگ نے لودھراں میں بے حساب پیسہ چلایا.
ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سابق نااہل وزیر اعظم کی لودھراں میں تقریر کے ردعمل میں کیا گیا.
یاد رہے کہ آج لودھراں میں خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا تھا کہ عوام نے ثابت کیا ہے کہ فیصلے امپائر کی انگلی نہیں، عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں۔ لودھراں نے مجھے خرید لیا۔ 2018 کے الیکشن میں پاکستان کا ہر حلقہ لودھراں بن جائے گا۔ جلسے میں شہباز شریف نے بھی پی ٹی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام نے اے ٹی ایم مشین کو دریا میں غرق کر دیا۔
شریف برادران کے بیانات کے جواب میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری اور جہانگیر ترین کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے.
شریفوں کی لودھراں سے نئی محبت بھی جھوٹی ہے: جہانگیر ترین
پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ شریفوں کی لودھراں سے نئی محبت بھی جھوٹی ہے، 2015 میں بھی دونوں بھائیوں نے بے شمارجھوٹے وعدے کئے تھے.
انھوں نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹرشوباز، عوام وہ سب جانتے ہیں جو میں نے ان کے لئےکیا، آپ کے سفید جھوٹ عوام کو دھوکے میں نہیں ڈال سکتے، لودھراں کے عوام آپ کو فراڈیے کے طور پر جانتے ہیں.
انھوں نے کہا کہ میرے خلاف ن لیگ کے الزامات کی حیثیت جھوٹے قطری خط سے زیادہ نہیں، میری وجہ سے دونوں بھائیوں کو پنجاب میں لودھراں دکھائی دینے لگا، ورنہ وہ اس کے غافل تھے.
ملک میں اس وقت حکومت نام کی کوئی چیز نہیں: فواد چوہدری
دوسری جانب فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ علی ترین نے بہترین اور اچھی انتخابی مہم چلائی، ہم لودھراں میں دھڑےبازی کی وجہ سے انتخاب ہارے، ن لیگ نے لودھراں میں بے حساب پیسہ چلایا.
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو وزیر اعظم بننے کا شوق ہے تو ہمیں اعتراض نہیں، نوازشریف دیوارپر لکھ دیں کہ وہ وزیراعظم ہیں، مگر ایک بات سمجھ لیں کہ وہ آئینی وقانونی طورپراب وزیر اعظم نہیں بن سکتے، عدالت نے انہیں چور اور مافیا قرار دیتے ہوئے نااہل کیا ہے.
پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، شاہد خاقان عباسی کاغذی وزیر اعظم ہیں.
ثابت ہوگیا فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں : نواز شریف
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔