اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے فوجی عدالتوں کو فیصلے سنانے کی اجازت دینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی عدالت جانے کا عندیہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے فوجی عدالتوں کو سویلینز کے کیسز کا فیصلہ سنانے کی اجازت دینے پر تشویش کا اظہار کیا۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہمارے85 کارکنوں کےمقدمےفوجی عدالتوں میں ہیں،فیصلے پر عالمی عدالت انصاف جانے کا سوچ سکتے ہیں، نظر ثانی دائر کریں یا عالمی عدالت جائیں، اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔
عدالتی فیصلے پر رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ آئینی بینچ سے متعلق ہمارے خدشات درست ثابت ہوئے۔
یاد رہے سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے ملٹری کورٹس کو فیصلہ سنانے کی اجازت دی تھی، عدالت نے فوجی عدالتوں کو 85 ملزمان کے فیصلے سنانے کی اجازت دی۔
سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ جن ملزمان کو رہا نہیں کیا جا سکتا انہیں سزا سنانے پر جیلوں میں منتقل کیا جائے، فوجی عدالتوں کے فیصلے سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمے کے فیصلے سے مشروط ہوں گے۔