اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی مذاکرات کی دعوت مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کا چیپٹر بند ہوگیا ہے، سیاسی مذاکرات صرف خواہشات ہی نہیں مستحکم ارادوں سے ہوتے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومت کے ارادے ٹھیک تھے نہ ہی نیت اسی لیے تو مذاکرات نہیں چل سکے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے مذاکرات سنجیدگی سے شروع کیے، حکومت نے مطالبات نہیں مانے، اب ہم مذاکرات نہیں کریں گے۔
گذشتہ روزاسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے مذاکرات کے حوالے سے کہا تھا کہ کبھی بھی مذاکرات کے لیے دروازے بند نہیں کئے، تحریک انصاف سے رابطہ منقطع نہیں وہ آج بھی ہم سے رابطے میں ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہم تو پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بھی تحلیل نہیں کی، تحریک انصاف کی پہلے اندر سے منظوری آجائے تو پھر ہمارے پاس بھی آ جائیں گے۔