اسلام آباد : حکومت سے مذاکرات کے لئے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے مطالبات سامنے آگئے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت سے مذاکرات کے لئے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے 2 نکاتی ایجنڈے کا اعلان کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ حکومت کیساتھ آج دوبارہ مذاکرات ہوں گے، دو نکات پیش کردیے، تحریک انصاف نے بے گناہ کارکنوں کی رہائی اور 9 مئی، 26 دسمبر واقعات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کے مطالبات پیش کئے ہیں ، مطالبات کی منظوری تک مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ان 2 مطالبات سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گی، 30جنوری تک وقت ہے، مطالبات تسلیم کئے تو سول نافرمانی واپس لینے کیلئے بانی کو اپیل کی جائے گی، ورنہ تحریک جاری رہے گی۔
رہنما تحریک انصاف نے مزید کہا کہ آج یہ بات بھی کی جائے گی کہ وزرا غیر ضروری بیانات نہ دیں، اگر حکومت نےروڈمیپ نہ دیا تو 30 جنوری سے پہلے بھی مذاکرات ختم کر سکتے ہیں، سارا انحصار حکومتی رویے پر ہے، آج سب کچھ واضح ہوجائے گا۔
خیال رہے حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس کا یہ دوسرا دور ہوگا، اجلاس پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں ہوگا۔
اپوزیشن کی جانب سے مذاکرات میں پیش رفت کے حوالے بانی پی ٹی آئی کواعتماد میں لیا جائے گا اور اجلاس میں تحریک انصاف کی جانب سےتحریری مطالبات پیش کیے جائیں گے۔
پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان حامد رضا کا کہنا ہے حکومت کو تحریری ڈرافٹ دینے کا فیصلہ آج کمیٹی کرے گی، ہمارے دو مطالبات حکومت کے سامنے ہیں، تحریری طور پر مزید حکومت کو کیا دیں؟۔