کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ عدالت کے فیصلے کا احترام ہمیشہ کرتے رہیں گے، ضمانت تو قتل کرنے والے مجرم کو بھی مل جاتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ملک میں آج تک بہت کچھ ہوتا رہا ہے، آج ملک کا نظام ایک بار پھر بے نقاب ہوا ہے۔
انہوں نے نوازشریف، مریم اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی رہائی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دستاویز جو میڈیا کے توسط سے شواہد سامنے آئے اسکے بعد فیصلہ حیران کن ہے۔
ایون فیلڈ ریفرنس: نیب کی ناکامی پر سوال اٹھ گئے
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ میں نیب پراسیکیوشن ناکام ہوگیا ہے، اب بھی منی ٹریل اور بینک اسٹیٹمنٹ نہ دی جائے تو افسوس کی بات ہے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا نااہل اور کالی بھیڑیں ہر جگہ ہیں، فیصلہ حق میں آئے تو ٹھیک کرپشن پر قانون حرکت میں آئے تو یہ برا سمجھتے ہیں، شریف خاندان کی جانب سے بینک ٹرانزکشن اور منی ٹریل کیوں نہیں دی جارہی؟
خیال رہے کہ آج ہائی کورٹ کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف، مریم نواز، کپیٹن (ر) صفدر کی سزائیں معطل کرتے ہوئے تینوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔