اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ بھارت پر زبردست دباؤ ہے، کشمیریوں کو آزادی مل کر رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سینیٹر فیصل جاوید نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کو باور کرارہا ہے کہ بھارت یکطرفہ فیصلے کررہا ہے، دنیا دیکھ رہی ہے مقبوضہ کشمیر میں لوگوں پر ظلم و تشدد کیا جارہا ہے، دنیا سامنے آئے اور مسئلہ کشمیر حل کرے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف مسلمانوں کا نہیں انسانی حقوق کا بہت بڑا مسئلہ ہے، بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے جو صاف نظر آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کے امن کے لیے قربانیاں دی ہیں، دنیا بھر میں بھارت کے خلاف لوگ نکلے ہیں اور احتجاج کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید
فیصل جاوید نے کہا کہ بھارت بوکھلاہٹ کے باعث اس قسم کی حرکتیں کررہا ہے، پاکستان کی جانب سے بھارت کو بھرپور جواب دیا جارہا ہے، پاکستان واضح طور پر کہہ چکا ہے جارحیت کی گئی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاک فوج نے ایل او سی پر بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 5 بھارتی فوجی مارے ہیں، بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے بلا اشتعال فائرنگ کررہا ہے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمان اور دیگر مذاہب کے لوگ بھارت کے خلاف احتجاج کررہے ہیں، دنیا کو احساس ہے دو ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے کھڑی ہیں، دنیا کی آنکھیں کھل رہی ہیں، مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اٹھایا جارہا ہے۔