پی ٹی آئی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت پھر مشکل میں پھنس گئے ہیں اور پارٹی قیادت نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت ایک بار پھر مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ انہیں پی ٹی آئی قیادت نے متنازع اور پارٹی پالیسی کے خلاف بیان دینے پر ایک بار پھر شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے شیر افضل مروت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پارٹی پالیسی کے خلاف بیان دینے پر سات روز کے اندر جواب طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کو جاری نوٹس میں انہیں جواب دینے تک عوام اور میڈیا میں پارٹی نمائندگی کرنے اور بیانات دینے سے بھی روک دیا گیا ہے۔
شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شیر افضل مروت بطور رکن قومی اسمبلی پارٹی پالیسی سے آگاہ ہیں جب کہ حکومت سے مذاکرات پر بھی پارٹی کی پالیسی واضح ہے، تاہم میڈیا پر چلنے والے متنازع بیانات سے پارٹی کے موقف کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ پارٹی کے کسی رکن کو منفی اور تضحیک آمیز تبصرہ نہیں کرنا چاہیے۔ آپ نے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل کیخلاف توہین آمیز ریمارکس دیے۔ یہ معاملہ بانی عمران خان کے نوٹس میں لایا گیا اور ان ہی کی ہدایت پر شوکاز جاری کیا جا رہا ہے۔ آپ 7 دنوں کے اندر اپنی پوزیشن کی وضاحت کریں۔
پی ٹی آئی رہنما کو شوکار نوٹس میں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ شوکاز نوٹس کی مدت کے دوران بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مزید کوئی تنازع یا مسئلہ پیدا نہیں کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شیر افضل مروت نے کہا تھا کہا کہ سلمان اکرم راجا کا پی ٹی آئی سے کیا تعلق ہے؟ سلمان اکرم راجا اگر پارٹی جنرل سیکریٹری ہیں تو کوئی نوٹی فکیشن ہے؟ پارٹی آئین ہے کہ پارٹی الیکشن میں منتخب ہی جنرل سیکریٹری ہوسکتا ہے، ان دستخط سے کبھی کوئی پارٹی نوٹی فکیشن دیکھا ہے؟
بعد ازاں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کیخلاف شیر افضل مروت کے ان ریمارکس پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔
بانی پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کے خلاف شیر افضل مروت کے ریمارکس پر برہم