لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما شبلی فراز کا کہنا ہے کہ عمران خان صحت یاب ہورہے ہیں، امید ہے کہ وہ پنڈی میں ہماری قیادت کریں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما و سابق وفاقی وزیر شبلی فراز زمان پارک پہنچے، انہوں نے حقیقی آزادی مارچ کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی سیکیورٹی پنجاب پولیس کے پاس ہے، دو صوبوں کی پولیس ان کی سیکیورٹی کے لیے تعینات کی گئی ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ ملکی بقا فوری انتخابات میں ہے، ایک ایک دن غیریقینی صورت حال میں گزر رہا ہے اس غیریقینی صورت حال میں ملک آگے نہیں جاسکتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن سے ہی غیریقینی کی صورت حال ختم ہوگی۔
اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں آئینی تبدیلی چاہتے ہیں، ہمارے لیے آرمی چیف کی تقرری نہیں بلکہ الیکشن زیادہ اہم ہیں۔
مزید پڑھیں: آرمی چیف کی تقرری نہیں انتخابات اہم ہیں، فواد چوہدری
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کے واحد لیڈر ہیں جولوگوں کو جوڑتے ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک شادی ہال میں اپنا فنکشن تک نہیں کرسکتے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہماری واضح پالیسی ہے کہ ہم خون خرابہ نہیں چاہتے، ہمارے احتجاج میں خواتین اور بچے بھی آئے ہوتے ہیں، عمران خان کہتے ہیں کہ فوج اور ادارے بھی میرے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت آدھی کابینہ پاکستان میں موجود نہیں ہے، یہ لوگ حیلے بہانوں سے ملک سے فرار ہوتے ہیں یہ لوگ 5دن سے لندن بیٹھے ہیں اور فیملی میٹنگز ہورہی ہیں ملک کی فکر نہیں۔