پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ابھی بھی وقت ہے کمیشن بنادیں عوام ویلکم کریں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے کہا کہ بدنیتی کی بنیاد پر مذاکرات میں بہانے کیے گئے، یہ نہیں چاہتے کہ عوام 9 مئی کی حقیقت جانیں، دو ڈھائی سال سے جو ہورہا ہے اس کی ملکی سیاسی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کو قائم کرنا ہے، ہمارے کچھ حصے کاٹ دیے پھر بھی سب سے بڑی جماعت ہیں، ہم پر طلم ہوئے پھر بھی عمران خان نے کہا بات چیت کرنی چاہیے۔
شبلی فراز نے کہا کہ ہم نے سب ان کی خواہش کے مطابق کیا لیکن ان کی نیت میں کھوٹ تھا، اسی لیے انہوں نے مذاکرات میں بدنیتی سے کام لیا، یہ اپنا اسٹیٹس برقرار رکھنا چاہتے ہیں، ملک کی بدنامی ہورہی ہے ان کے پاس ابھی بھی وقت ہے کہ ملک کے لیے سوچیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان نے کہا مذاکراتی ٹیم کی فوری ملاقات کروائی جائے، عدلیہ کے نام خط مرتب کیے، اڈیالہ جیل دستخط کے لیے دے دیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم 26 نومبر کا مواد سب کے سامنے رکھیں گے، علی امین کی درخواست پر صوبے میں جنید اکبر کو تنظیمی ذمہ داری دی، عالیہ حمزہ کو بھی ذمہ داری دی ہے جلد نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔