لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں قبل از وقت انتخابات ہونا چاہیے، پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ اسمبلی قبل ازوقت توڑنے کے لیے تیار ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان نے اپنے حالیہ ویڈیو پیغام میں کہا کہ قومی اتفاقِ رائے سے تمام اسمبلیاں قبل از وقت توڑ دی جائیں اور اس معاملے پر تمام جماعتیں اتفاق رائے سے کام لیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ جمہوریت میں انتخابات جمہوری عمل ہے اس کا مردم شماری سے کوئی تعلق نہیں، مردم شماری کے نتائج کو بنیاد بنا کر انتخابات میں تاخیر کرنے کی سازش کی جارہی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ ملک بھر میں قبل ازوقت انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں کیونکہ آئین کے آرٹیکل 224 میں اس کی اجازت موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نئی حلقہ بندیوں سے متعلق بل کو اسمبلی سے منظور کروائے گی۔
پی پی رہنماء کا ردعمل
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے ترجمان کو اسمبلی توڑنے کے بیان سے قبل پرویز خٹک سے اجازت لینے چاہیے، ہمیں دعوت دی گئی ہے مگر اُسے قبول یا مسترد کرنا بھی ہمارا ہی اختیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی تمام جماعتوں کا مردم شماری کے نتائج ٹھیک نہ آنے پر اتفاق ہے، پیپلزپارٹی نے مردم شماری ہونے سے پہلے ہی اعتراضات اٹھائے تھے اور وزیر اعلیٰ بھی کئی بار اپنے تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی پی کے خلاف گریڈ الائنس بننے جارہا ہے جس کا حشر بھی ماضی کے اتحاد کی طرح ہوگا، 2018 میں پی پی کراچی اور سندھ سے زیادہ نشتیں لینے والی جماعت کے طور پر ابھرے گی۔
یاد رہے کہ مردم شماری کے نتائج سامنے آنے کے بعد اپوزیشن جماعتیں حلقہ بندیوں سے متعلق نئے قانون اور تجاویز منظور کروانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پہلے ہی قبل ازوقت انتخابات کا مطالبہ کرچکے ہیں۔