اسلام آباد: تحریک انصاف نے قومی احتساب بیورو(نیب) کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین نیب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
اس حوالے سے تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب قمر الزماں کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہے، چیئرمین نیب لٹیروں کو نہیں پکڑ سکتے تو عہدے سے استعفیٰ دے دیں، اپنی کارکردگی سے متعلق ان کے دعوے مضحکہ خیز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں یومیہ 12 ارب کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں، چیئر مین نیب اپنی ناکامی تسلیم کریں اور رویے پر نظر ثانی کریں،چیئرمین نیب کسی ایک مجرم کا نام بتادیں جسے کٹہرے میں کھڑا کیا گیا ہو۔
انہوں نے قمر الزماں کو مخاطب کیا کہ وہ بتائیں کہ پاناما لیکس پر آج تک انہوں نے کیا کیا؟نیب وقت گزرنے کے ساتھ اپنی ساکھ اور عوام کا اعتماد کھو رہا ہے،نیب کا کام چھوٹے چور کو پکڑ کرنا بڑے کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب بدعنوانی کا تدارک چاہتے ہیں تو وزیر اعظم سے ابتدا کریں اور استعفی دے دیں۔