اسلام آباد: تحریک انصاف نے ملک میں قبل ازوقت عام انتخابات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ملک بھر میں آگہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس بنی گالہ میں طلب کیا گیا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
تحریک انصاف کی جانب سے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں آئی بی کے ڈائریکٹر جنرل کی لندن میں نوازشریف سے ملاقات پر تحفظات کا اظہار کیا گیا جبکہ ڈی جی آئی بی کے خلاف قومی اسمبلی میں فوری تحریک التوا لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
تحریک انصاف کی قیادت کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی بی اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے شریف خاندان سے وفاداری نبھارہے ہیں جس سے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان کا خدشہ ہے۔
مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فردِ جرم عائد ہونے کے بعد اسحاق ڈار سے بطور وزیر خزانہ فوری استعفیٰ کا مطالبہ کیا گیا اور ملک میں قبل ازوقت عام انتخابات کے انعقاد پر عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ بھی سامنے آیا۔
اجلاس میں لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید کے بلند درجات اور کلثوم نوازی کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی دعا کی گئی۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔