ہفتہ, فروری 8, 2025
اشتہار

عمران خان کا وزیر اعظم کی نااہلی کے لئے الیکشن کمیشن جانے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ابھی تک الیکشن کمیشن مسلم لیگ لگتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ’’تحریک انصاف وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی نااہلی کے لئے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کررہی ہے، اگر کوئی ایکشن نہ لیا گیا تو سپریم کورٹ جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنے بھیانک رویے سے جمہوریت کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے، وزیراعظم کے خلاف نیب میں کرپشن کے 13 کیسس ہیں مگر اُن پر الیکشن لڑنے کی پابندی عائد نہیں کی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا جس میں سب فراڈ نکلا، علیم خان کے اوپر الزامات لگائے گئے مگر الیکشن کمیشن نے کیس سنے بغیر فیصلہ کردیا۔

ڈیوڈ کیمرون کے استعفے پر تبصرہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ڈیوڈ کیمرون نے ریفرنڈم کی شکست پر اخلاقیات کے باعث استعفیٰ دیا، آج سے 900 سال قبل برطانیہ میں جمہوریت کی جدوجہد شروع کی گئی تھی، جس کے بعد ملک کے بادشاہ کو قانون کے ماتحت لایا گیا یہی وجہ ہے کہ آج برطانیہ میں جمہوریت مضبوط ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کررہے ہیں اگر اپوزیشن جماعتیں ساتھ نہیں چلیں تو ہم آخر تک جائیں گے اور اگر سڑکوں پر آنے کی ضرورت محسوس ہوئی تو دیر نہیں کریں گے۔

’’ تحریک انصاف جمہوریت کو بچانے کے لئے اقدامات کررہی ہے، مسلم لیگ ن جمہوری جماعت نہیں ہے اور ہم بادشاہ کو قانون کے ماتحت لانا چاہتے ہیں، احتساب وزیر اعظم سے ہی شروع ہوگا بعد میں سب کا نمبر آئے گا‘‘۔

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے حقانیہ مدرسے کو فنڈ دینے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر عمران خان نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی صوبے کے لئے بہت خدمات ہیں، حکومتی اقدامات کے بعد حقانیہ مدرسے والوں نے پولیو کے خاتمے کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔

دارالعلوم کی انتظامیہ اصلاحات چاہتی ہے اور حکومت کے ساتھ مل کر صوبے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے، اگر ماضی میں اس مدرسے سے خراب لوگ نکلے ہیں تو ایسے اداروں پر زیادہ توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔

پرویزرشید کے الزام کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ’’اگر بے نظیر کے قتل میں حقانیہ مدرسے کے کچھ لوگ ملوث تھے تو سانحہ صفورا میں اعلیٰ تعلیمی یافتہ لوگ شامل ہیں تو کیا تعلیمی اداروں کو بند کردیا جائے؟‘‘۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں