کراچی: تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی سندھ خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ مصطفیٰ کمال اور عشرت العباد کے الزامات کی شفاف تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے، انہوں نے سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروادی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عشرت العباد اور مصطفی کمال کی جنگ میں تحریک انصاف بھی میدان میں آگئی، پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان نے الزامات کی تحقیقات کے لئے سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرادی۔
تحریک التوا میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی نے موقف اختیار کیاکہ گورنر سندھ عشرت العباد اور مصطفی کمال کے درمیان الزام تراشی سےثابت ہوگیا کہ ایم کیو ایم لندن یا پاکستان بدامنی میں ملوث ہے۔
خرم شیر زمان نے تحریک التوا میں مطالبہ کیا ہے کہ دونوں افراد کی جانب سے ایک دوسرے پر لگائے گئےسنگین الزامات کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے۔ انہوں نےگورنر سندھ سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عشرت العباد اتنے عرصے تک کیوں خاموش رہے اس حوالے سے بھی تحقیقات کی جانی چاہیں۔
یاد رہے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال نے پارٹی رہنما اشفاق منگی پر فائرنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ پر سنگین الزامات عائد کیے تھے جس کے جواب میں عشرت العباد نے پی ایس پی کے سربراہ کو گھٹیا شخص قرار دیتے ہوئے کرپٹ ترین میئر کہا تھا۔
دونوں فریقین کی جانب سے شروع کیے جانے والے سنگین الزامات کا سلسلہ جاری ہے تاہم پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو اس معاملے پر بیان نہ دینے کی ہدایت کی ہے۔