پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی کے خاندان پر تنقید پر گلوکار سلمان احمد کی پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کردی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے گلوکار سلمان احمد کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سلمان احمد سوشل میڈیا بیانات سے پارٹی قیادت اور ورکرز میں نفاق پیدا کرتے رہے۔
نوٹس میں لکھا گیا کہ سلمان احمد نے عمران خان اور ان کے اہلخانہ کے خلاف سوشل میڈیا پوسٹیں کیں، پارٹٓی ایسے بیانات سے اظہار لاتعلقی کرتی ہے اور ان کی پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کی جاتی ہے۔
بیرسٹر گوہر کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ گلوکار سلمان احمد مستقبل میں پی ٹی آئی کا نام استعمال نہیں کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ سلمان احمد عرصہ دراز سے پی ٹی آئی کے حامی تھے اور 2022 میں انہیں ثقافت کے حوالے سے عمران خان کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا تھا۔
گلوکار کو 2016 میں اسلام آباد پولیس کی جانب سے عمران خان کی بنی گالہ میں رہائش گاہ کے باہر مختصر وقت کے لیے اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ ان سے ملاقات کرنے جارہے تھے۔