اسکاٹ لینڈ : پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان کے ساتھ ساتھ برطانیہ میں بھی تحریک کا آغاز کردیا، حقیقی آزادی مارچ کا اختتام نوازشریف کی رہائش گاہ کے باہر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف یوکے کے زیر اہتمام برطانیہ میں بھی لانگ مارچ کا آغاز کردیا گیا ہے، پی ٹی آئی یو کے کی جانب سے اسکاٹ لینڈ سے لندن تک لانگ مارچ جاری ہے۔
لندن سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے فرید قریشی کے مطابق اسکاٹ لینڈ سے شروع ہونے والے لانگ مارچ کا پہلا پڑاؤ بریڈ فورڈ تھا جو وہاں سے مزید شرکاء کو ساتھ لے کر شیفیلڈ پہنچ گیا۔
The UK Haqeeqi Azaadi Car Rally, leaving Sheffield for London,to protest against the imported government,outside the avenfield apartments led by PTI UK President Malik Imran Khalil Sb #ptiuk #حقیقی_آزادی_لانگ_مارچ pic.twitter.com/9w2JLjVisJ
— PTI UK (@UKPTIOfficial) October 30, 2022
ذرائع کے مطابق شیفیلڈ سے لانگ مارچ کا قافلہ مزید قافلوں کو ساتھ ملاتے ہوئے لندن پہنچے گا، مذکورہ لانگ مارچ لندن میں نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہراختتام پذیر ہوگا۔
پی ٹی آئی یوکے کی جانب سے نکالے جانے والے حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔
مظاہرے کی قیادت پی ٹی آئی آئی یو کے کے صدر ملک عمران خلیل کررہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ آج نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر دمادم مست قلندر ہو گا۔
ملک عمران خلیل نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ پاکستان کیلئے لانگ مارچ برطانیہ میں کیا جا رہا ہے ہم حقیقی آزادی کے لیے نکلے ہیں اور عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔