لاہور: پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 ضمنی انتخاب سے آؤٹ ہوکر بھی الیکشن جیت گئی۔
پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے حلقہ این اے 133 ضمنی انتخاب کے حوالے سے اپنا پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ آج ووٹرز کا ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا اور پولنگ اسٹیشن سنسان پڑے رہے۔
انہوں نے ٹرن آؤٹ کی کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کو ووٹ نہ دے کر ثابت کردیا کہ اُن کا یقین پاکستان تحریک انصاف پر ہی ہے۔ حسان خاور کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اب ووٹ کو ترسےگی کیونکہ عوام نے انہیں ہری جھنڈی دکھا دی ہے، ایسا ٹرن آؤٹ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف آئند الیکشن میں کلین سوئپ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جو اپوزیشن ووٹر کو گھروں سےنہ نکال سکی وہ احتجاج کیلئےکیسے نکالےگی؟ ٹرن آؤٹ کم رہنے سے ثابت ہوگیا کہ عوام نےضمنی انتخاب کومستردکردیا، ایسے میں الیکشن کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
مزید پڑھیں: حلقہ این اے 133 ضمنی انتخاب میں ووٹ کی خریداری پر الیکشن کمیشن کا بڑا ایکشن
یہ بھی پڑھیں: این اے 133 میں ضمنی انتخاب کیلیے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی شروع
پنجاب حکومت کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کو میدان سے باہر کرنے پر عوام نےاحتجاجاً ووٹ کاسٹ نہیں کئے، ضمنی الیکشن سےعوام کی لاتعلقی اپوزیشن کی سیاست میں آخری کیل ہے، اپوزیشن اب بھی ہوش کے ناخن لےاور احتجاج کی سیاست سے باز آجائے، پی ٹی آئی ضمنی انتخاب سے آؤٹ ہوکر بھی الیکشن جیت گئی۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ان جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ کے نامزد کردہ تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کو حلقے کا ووٹر نہ ہونے پر کاغذات نامزدگی کو مسترد کردیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کے امیدوار نے لاہور ہائی کورٹ کے اپیلیٹ ٹریبونل میں درخواست دائر کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا۔