لاہور : تحریک انصاف کی خواتین کارکنان نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے ساتھ نواز لیگ کے کارکنان نے بدتمیزی کی ہے، یاسمین راشد مقدمے کے اندراج کے لیے تھانہ قلعہ گجر سنگھ پہنچ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان نے الزام عائد کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120کے ضمنی الیکشن میں انتخابی مہم کے دوران نواز لیگ کے کارکنان نے ان کے ساتھ مبینہ طور پر بد تمیزی کی ہے۔
مبینہ بدتمیزی کا یہ واقعہ قلعہ گجر سنگھ میں پیش آیا، جہاں خواتین ورکرز گھر گھر جا کرحلقے کی امیدوار یاسمین راشد کی انتخابی مہم چلا رہی تھیں کہ ن لیگ کے کارکن ارشد خان اور دیگر نے ان سے مبینہ بدتمیزی کی۔
پی ٹی آئی کی امیدوار یاسمین راشد مذکورہ خواتین کئے ساتھ مقدمے کے اندراج کے لیے تھانہ قلعہ گجر سنگھ پہنچ گئیں، انہوں نے ن لیگی کارکنان کےخلاف پولیس کو درخواست دے دی۔
یاسمین راشد کے مطابق متعلقہ پولیس مقدمے کے اندراج کیلئے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے، کہا جا رہا کہ آن لائن سروس بند ہے لہٰذا ابھی مقدمہ درج نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے بتایا کہ مقدمے کے اندراج کے لیے صبح8بجے کا وقت دیا جا رہا ہے، یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ اگر اس واقعے کے حوالے سے حلقے میں صورتحال خراب ہوئی توشہباز شریف ذمہ دار ہونگے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق واقعے کی رپورٹ پولیس نے نامعلوم افراد کیخلاف درج کرلی ہے، یاسمین راشد کے مطابق پولیس نے ملزم کا نام بتانئے کے باوجود اس نام درج نہیں کیا۔