پی ٹی آئی کارکنوں نے سنگجانی ٹول پلازہ میں سرکاری سامان چوری کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے پرتشدد کارکنان کے حملوں سے متعدد سرکاری املاک کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کارکنان نے سنگجنانی ٹول پلازہ پر دھاوا بھی بول دیا۔
پی ٹی آئی کارکن سرکاری کمپیوٹرز اور دیگر قیمتی سامان بھی ساتھ لے گئے، پرتشدد مظاہرین کی جانب سے پولیس کی گاڑی بھی جلائی گئی۔
پرتشدد کارروائیوں اور توڑ پھوڑ کی متعدد ویڈیوز سامنے آچکی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شرپسندوں کے حملوں سے ایک پولیس اہلکار شہید اور 70 زخمی ہوئے ہیں، سی سی ٹی وی کی مدد سے شرپسندوں کی شناخت جاری ہے۔
دوسری جانب سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر بانی پی ٹی آئی کے لیے پیغام لے کر اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کوکہا گیا ہےکہ پشاورموڑ نہیں سنگجانی میں احتجاج یا دھرنا دیں، پیغام دیا گیا ہے کہ اسیران کی رہائی کے لیے کمیٹی تشکیل دی جاسکتی ہے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پیغام دیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نہیں مانتی تومجمعے میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے گا، پی ٹی آئی مجمعے میں اشتہاری اورافغان دہشت گرد موجود ہیں۔
ن لیگی رہنما دانیال چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج میں ایسے لوگ موجود ہیں جو اشتہاری اورمطلوب ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مجمعےسے گولیاں چلی ہیں جس سے پولیس اہلکار شہید ہوا ہے، پی ٹی آئی کے مجمعےسے چلنے والی گولیوں سے کئی اہلکار زخمی ہوئے ہیں، رکاوٹیں ہٹانے کے لیے ریاستی مشینری کا استعمال کیا گیا ہے۔