تازہ ترین

پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے انتخابات ملتوی کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا جائے گا بیرسٹر علی ظفر پٹیشن پر کام کررہے ہیں کل سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کردی جائے گی۔

اسد عمر نے کہا کہ صدر مملکت کی جانب سے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا جاچکا ہے اسے الیکشن کمیشن تبدیل نہیں کرسکتا، پٹیشن میں مطالبہ کیا جائے گا کہ 30 اپریل کو ہی الیکشن کروایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کریں گے انہیں معلوم نہیں کیوں چاہتے ہیں کہ ان کے خلاف آرٹیکل چھ کی کارروائی ہو۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات ملتوی کرکے آئین کی دھجیاں اڑا دی گئی ہیں الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین اور سپریم کورٹ کے فیصلے سے متصادم ہے یہ فیصلہ ان کے اپنے موقف سے بھی متصادم ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ پشاور، لاہور اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ الیکشن کمیشن تاریخ نہیں دے سکتا معلوم نہیں الیکشن کمیشن نے کون سا آئین دیکھ لیا کہ الیکشن کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومتی اتحاد نے خواہش کا اظہار کیا کہ ملک میں ایک دن الیکشن ہونے چاہئیں چند گھنٹے بعد ہی الیکشن کمیشن کی جانب سے خواہش پوری کردی گئی۔

Comments

- Advertisement -