اسلام آباد: جنید اکبر نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سےاستعفیٰ دے دیا اور کہا عہدہ پارٹی کی امانت تھا،پارٹی قیادت کی ہدایت پراستعفیٰ جمع کرایا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جنید اکبر نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دے دیا، انھوں نے استعفیٰ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے حوالے کردیا۔
رہنما نے کہا کہ عہدہ پارٹی کی امانت تھا، پارٹی قیادت کی ہدایت پر استعفیٰ جمع کرایا, بانی پی ٹی آئی کا فیصلہ دل سے قبول کرتا ہوں، بانی پی ٹی آئی چاہیں تو اسمبلی سے مستعفیٰ ہونے کو تیار ہوں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹرگوہر نے کہا تھا کہ جنید اکبر سے متعلق مجھے گزشتہ رات ہدایات موصول ہوچکی ہیں، بانی پی ٹی آئی کی تمام ہدایات پر مکمل عملدرآمد کیا جاتا ہے، ان کا معاملہ ہماری پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے۔
مزید پڑھیں : بانی پی ٹی آئی کی جنید اکبر کو چیئرمین پی اے سی کا عہدہ چھوڑنے کی ہدایت
یاد رہے بانی پی ٹی آئی کی جنید اکبر کو چیئرمین پی اے سی کا عہدہ چھوڑنے کی ہدایت کی تھی ، جس کے بعد رہنما پی ٹی آئی نے چیئرمین پی اے سی کا عہدہ چھوڑنے کی ہدایت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے مجھے ہدایت مل چکی ہے، آفیشل چینل سے پیغام ملتے ہی عہدہ چھوڑ دوں گا۔
انھوں نے کہا تھا کہ مجھے ایسے پیغامات پہلے بھی مل رہے تھے، میں بانی پی ٹی آئی کی امانت انہیں لوٹانے کو تیار ہوں، مجھےحکم ہوا تو پارٹی عہدہ بھی چھوڑدوں گا۔