کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے چمکتا دمکتا کراچی مہم کا آغاز کردیا۔ مہم کے تحت گلیوں کی صفائی ہوگی اور ماڈل یو سیز بنیں گی۔
تفصیلات کے مطابق نئے سال کے آغاز پر نئی حکمت عملی کا آغاز کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف نے چمکتا دمکتا کراچی مہم کا افتتاح کردیا۔
مہم تحریک انصاف رہنما جنید لاکھانی کی سربراہی میں شروع کی گئی ہے جس کے تحت آر او پلانٹس لگیں گے، گلیوں کی صفائی ہوگی اور ماڈل یوسیز بنیں گی۔
جنید لاکھانی کا کہنا ہے کہ پارٹی وسائل اور سماجی تنظیموں کے اشتراک سے کام کریں گے، مہم میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی شریک ہوں گے۔
مہم میں افتتاح کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے چمکتا دمکتا کراچی مہم کا افتتاح کر دیا ہے، مہم کے تحت کراچی میں زبردست پراجیکٹ لانچ کر رہے ہیں۔ صفائی کی مہم لانچ کر دی ہے، ہر یو سی میں صفائی کریں گے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 300 آر او پلانٹ لائیں گے، ایم پی اے شام 5 سے 8 بجے تک انصاف ہاؤس میں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ہر شعبے میں ناکام ہو چکی ہے، نالائقوں کے سردار کے بار ے میں بہت چرچے ہو رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ اور وزیر بلدیات پانی، صفائی اور پارکس کے مسائل پر ناکام ہیں۔