کراچی: رہنما پی ٹی آئی خرم شیر زمان کی جانب سے کراچی کے حالات کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھا گیا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی خرم شیر زمان نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو اپنے خط میں لکھا کہ کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور گن کلچر پر شدید تشویش ہے، 6 ماہ میں 72 افراد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں جاں بحق ہوچکے ہیں۔
خط میں کہا گیا کہ شہر میں گاڑیوں پر سوار گارڈز کی جانب سے اسلحہ کے نمائش بڑھ گئی ہے، عام شہری خوف میں مبتلا ہوتا ہے، کرمنلز کو بھی تقویت ملتی ہے۔
کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی آڑ میں دہشت گردوں کے سرگرم ہونے کا انکشاف بھی ہوا تھا، کراچی کے مختلف علاقوں میں مزاحمت پر قاتلانہ حملوں کی 27 وارداتیں دہشت گردی کی نکلی تھیں۔
اس سے قبل ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت نے بھی کراچی میں بڑھتی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر وزیر داخلہ محسن نقوی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کی ملاقات ہوئی تھی جس میں ایم کیو ایم قیادت نے ان سے اسٹریٹ کرائم پر سخت احتجاج کیا تھا۔
ایم کیو ایم رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ کرائمز کی وجہ سے پھیلی بے چینی کو سمجھنے کی ضرورت ہے، وزیر داخلہ کو سخت ایکشن لے کر ہدایات جاری کرنا ہوں گی۔