سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی لابی امریکا میں مضبوط ہے جبکہ پاکستان کی لابی کمزور ہے۔
اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاستدان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی لابی نے امریکی کانگریس سے خط لکھوا دیا، اسحاق ڈار کیلئے بطور وزیرخارجہ شرمندگی کا مقام ہے کہ لابی کمزور ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ امریکا، سعودی عرب، چین اور دوست ممالک ایک حقیقت ہیں، امریکا اگر بانی پی ٹی آئی کو باہر لانے کیلئے سنجیدہ ہے تو کیا حکومت روک سکے گی۔
انھوں نے کہا کہ امریکی کانگریس نے انسانی حقوق پرخط لکھ دیا توہماری غیرت جاگ گئی، آئی سی سی کے فیصلے پر ہماری غیرت نہیں جاگی جواب نہیں دیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بھارتی وزیرخارجہ نےکہا ہم نے پاکستان میں 20 لوگ مار دیے، بھارتی وزیرخارجہ کےبیان پرتوہماری غیرت نہیں جاگی۔
انھوں نے کہا کہ بھارت نے چیمپئنز ٹرافی میں آنے سے انکار کیا تو غیرت نہیں جاگی، آئی سی سی نے ٹرافی گھمانے کی فہرست میں آزاد کشمیر کو نکال دیا۔