نوشہرہ : پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اےجمشیدالدین کاکاخیل کوروناسےانتقال کرگئے، میاں جمشیدالدین میں تین ہفتے قبل کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے سیاسی شخصیات بھی متاثر ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اےجمشید الدین کاکا خیل کوروناسےانتقال کرگئے، ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جس پر انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا تاہم طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا ، وہ کئی دنوں سے اسلام اباد کے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق میاں جمشید کی نمازجنازہ آبائی گاوں کاکا صاحب میں ادا کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا سے ایم پی اےمیاں جمشید کاکاخیل کےانتقال پر اظہارافسوس کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہم ایک اچھےساتھی اور مخلص پارٹی کارکن سے محروم ہوگئے ہیں۔
اسپیکرقومی اسمبلی اسدقیصر، اسپیکر کےپی اسمبلی مشتاق غنی اور صوبائی وزیرشوکت یوسفزئی نے بھی ایم پی اےجمشیدالدین کےانتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اورلواحقین کوصبرجمیل کی دعا کی۔
گذشتہ روز پیپلز پارٹی ضلع ملیر کے صدر غلام مرتضی بلوچ کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے،وائرس کی تشخیص کے بعد چند روز گھر میں آئیسولیشن میں رہے اور طبیعت کی خرابی پر انہیں نجی اسپتال میں داخل کیا گیا۔
پیپلز پارٹی رہنما مولا بخش چانڈیو، ان کی اہلیہ اوربیٹے کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیاتھا، تینوں کو گھر میں آئیسولیٹ کردیا گیا جبکہ ملیر سے منتخب پیپلزپارٹی کے ایم پی اے سلیم کلمتی بلوچ اور ساجد جوکھیو میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔