بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

25 سال بعد بجلی بلوں سے پی ٹی وی لائسنس فیس ختم

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعظم نے گزشتہ دنوں بجلی بل میں پی ٹی وی لائسنس فیس ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے یہ فیس ختم کر دی گئی۔

 اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے بجلی بلوں سے پی ٹی وی لائسنس فیس ختم کرنے کے اعلان پر نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی عملدرآمد شروع ہوگیا اور بجلی بلوں سے پی ٹی وی لائسنس کے نام پر لی جانے والی فیس ختم کر دی گئی ہے۔

اس حوالے سے پاور ڈویژن کی جانب سے بھی بجلی بلوں سے پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق رواں ماہ جولائی سے شروع ہو جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کی روشنی میں کے ای سمیت تمام بجلی تقسیم کار اداروں پر اس فیصلے کا اطلاق ہوگا۔

واضح رہے کہ بجلی کے بلوں میں پی ٹی وی لائسنس فیس وصولی کا آغاز تقریباً 25 سال قبل کیا گیا تھا۔ ابتدا میں اس کی فیس 25 روپے ماہانہ تھی جو اب بڑھا کر 35 روپے کر دی گئی تھی۔

تاہم کوئی میکنزم نہ ہونے کے باعث مساجد اور مدارس کے بجلی بلوں میں بھی پی ٹی وی لائسنس فیس شامل ہوتی تھی۔ جس پر عوام الناس کی جانب سے کئی بار ردعمل ظاہر کیا گیا تاہم پی ٹی وی لائسنس فیس مساجد اور مدارس کے بلوں میں بھی وصول کی جاتی رہی۔

پاکستان میں نجی چینلز آنے کے بعد پی ٹی وی صارفین کی تعداد بھی کم ہو گئی تھی اور شہریوں کی اکثریت کا یہ موقف تھا کہ جب پی ٹی وی دیکھا نہیں جاتا ہے تو بجلی بلوں سے پی ٹی وی فیس ختم کی جائے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں بجلی صارفین کی تعدا 4 کروڑ 26 لاکھ ہے اور ان سے صرف ٹی وی لائسنس فیس کی مد میں ماہانہ تقریبا ڈیڑھ ارب روپے وصول کیے جاتے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں