بیجنگ: اسمارٹ فون اور کمپیوٹر پر کھیلے جانے والے معروف گیم پب جی PUBG نے سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والے گیم کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
چین کی ٹیکنالوجی کمپنی ٹینسنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملٹی پلیئر آن لائن بیٹل گراؤنڈز (پب جی) کو چین سے باہر ڈاؤن لوڈ کرنے والے صارفین کی تعداد ایک ارب تک پہنچ گئی۔
پب جی کو سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے کی وجہ سے دنیا کا کامیاب ترین گیم ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا۔
چین کی ٹیکنالوجی کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والے گیمز میں سب وے سرفز دوسرے اور کینڈی کرش تیسرے نمبر پر ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پب جی کی تین ماہ کی آمدنی میں 29 فیصد اضافہ بھی ہوا ہے۔
واضح رہے کہ اس گیم کو تین سال قبل متعارف کرایا گیا، جس کے صارفین کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہوا اور اب اس نے بہت کم عرصے میں اہم سنگِ میل عبور کیا ہے۔
گیم کیسے کھیلا جاتا ہے؟
اس گیم میں دو ٹیموں کا آپس میں مقابلہ ہوتا ہے، ایک کھلاڑی سے لے کر 100 کھلاڑیوں تک کی ٹیم ہوتی ہے جو انٹرنیٹ کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑتی ہے۔
دونوں ٹیموں کے کھلاڑی جہاز سے زمین پر اتر کر پہلے اسلحہ تلاش کرتے ہیں اور پھر سامنے والے کھلاڑی کو فائرنگ کر کے مارتے ہیں۔ آخر میں زندہ رہنے والے فاتح کھلاڑی کو اعزاز میں ’چکن ڈنر‘ دیا جاتا ہے۔