کراچی: سندھ حکومت نے کراچی میں کل سے پبلک ٹرانسپورٹ کی اجازت دے دی، آن لائن ٹرانسپورٹ سروسز بھی بحال کر دی گئیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، اویس شاہ کا مذاکرات کے بعد کہنا تھا کہ کل سے پبلک ٹرانسپورٹ کو سڑکوں پر آنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ کراچی میں آن لائن ٹرانسپورٹ سروسز بھی بحال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے، ٹرانسپورٹرز کو بنائے گئے ایس او پیز پر عمل کرنا پڑے گا، ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو گاڑیاں بند کر دی جائیں گی۔
وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ تمام گاڑیوں میں اضافی مسافر نہیں بٹھائے جائیں گے، آن لائن ٹیکسی سروس میں صرف 2 افراد کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی، ہنگامی صورت حال میں ٹیکسی میں مزید ایک شخص بٹھایا جا سکے گا۔
آن لائن بس سروس کو سیٹ بائی سیٹ سروس کی اجازت ہوگی، بس میں ایئرکنڈیشن چلانے کی اجازت نہیں ہوگی، جو ٹرانسپورٹر اے سی چلائے گا وہ ایک سیٹ پر ایک مسافر بٹھائے گا۔
اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کل سے کراچی میں انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ شروع ہو جائے گی، ٹرانسپورٹرز کو ایس او پیز پر اعتماد میں لیا گیا ہے. انھوں نے مزید کہا کہ انٹر سٹی بس سروس کی اجازت ابھی نہیں دی جا رہی، ٹرانسپورٹرز اس سے متعلق اپنے تحفظات 15 جون تک جمع کرا سکتے ہیں۔
ایس او پیز کے مطابق مسافر گاڑیوں میں ماسک اور سینی ٹائزر لازمی قرار دیے گئے ہیں، ماسک اور سینی ٹائزر نہ ہونے پر متعلقہ گاڑیوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ صوبائی وزیر اویس شاہ کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا نوٹیفکیشن رات تک جاری کر دیا جائے گا۔