اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

فیصل جاوید کے پھانسی کی سزا کی مخالفت کرنیوالوں سے سوالات

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ کیا سر عام پھانسی کے قانون کی مخالفت کرنے والوں کو اندازہ ہے کہ بچوں پرکیا گزرتی ہے؟ انسانی حقوق تو انسانوں کے لئے ہوتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو سرعام پھانسی دینے سے متعلق قرار داد کی مخالفت کرنے والے رہنماؤں سے سوال کرتے ہوئے کہی۔

سینیٹر فیصل جاوید نے سزا کی مخالفت کرنے والوں سے مختلف سوالات پوچھ لئے زیادتی کانشانہ بننے والے بچوں کی تکریم کے بارے میں کون سوچے گا، قانون کی مخالفت کرنے والوں کو اندازہ ہے کہ بچوں پرکیا گزرتی ہے، کیا بچوں سے زیادتی بربریت نہیں ہے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ کیا بچوں سے زیادتی ظلم کی بدترین شکل نہیں؟ ْانسانی حقوق تو انسانوں کے لئے ہوتے ہیں، نونہالوں کو مسلنے والے انسانیت کے زمرے میں شمارہی کب ہوتے ہیں۔

فیصل جاوید کا مزید کہنا تھا کہ یہ درندے بدترین ظلم وبربریت کا مظاہرہ کرتے ہیں، یہی وجہ ہے ان درندوں کو سزا بھی عبرتناک ملنی چاہیے۔

مزید پڑھیں : بچوں سے زیادتی اور قتل کے مجرموں کو سرعام پھانسی پر وزراء تقسیم

واضح رہے کہ بچوں سے زیادتی اور قتل کے مجرموں کو سرعام پھانسی کے معاملہ پر وزراء تقسیم ہوگئے ہیں، بچوں سے زیادتی کے ملزمان کو سرعام سزائے موت دینے کی قرارداد علی محمد خان نے پیش کی تو بیرسٹر فروغ نسیم اور فواد چوہدری نے سرعام سزائے موت کی مخالفت کی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں