اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دو درجن سے زائد رہنماؤں کے خلاف پرامن اجتماع اور امن عامہ ایکٹ کے تحت پہلے مقدمے کی تیاری کر لی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی جلسے میں شرکت کے لیے جانے والے کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کے واقعے پر اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کی جانب سے خلاف ورزی پر استغاثہ تیار کر لیا ہے۔
استغاثے میں زرتاج گل، عامر مغل، شیرین شاہین، عمر ایوب، سیمابیہ طاہر اور راجہ بشارت سمیت 28 رہنما نامزد کیے گئے ہیں۔
استغاثہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے روٹ کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کارکنوں کو روکا تو کارکنوں کی جانب سے پتھروں اور ڈنڈوں سے پولیس پر حملہ کر دیا گیا، جس پر پولیس نے شیلنگ کی، اور موقع سے 17 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔
بالا افسران کی منظوری کے بعد اس استغاثے کے رو سے تھانہ نون میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔