کراچی : کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پرکرایوں میں اضافہ نہیں کریں گے،حکومت غریب عوام پر رحم کرتے ہوئے اضافے کا فیصلہ واپس لے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی مزید بڑھے گی، ہماری90فیصدگاڑیاں سی این جی اور10 فیصدڈیزل پرہیں۔
صدرکراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے مطالبہ کیا حکومت غریب عوام پر رحم کرتے ہوئے اضافے کا فیصلہ واپس لے۔
یاد رہے حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا ، جس کے مطابق پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں چھ چھ روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، نئے نرخوں کے بعد پیٹرول اٹھانوے روپےنواسی پیسےاور ڈیزل ایک سو سترہ روپے تینتالیس پیسے کا ہوگیا۔
مزید پڑھیں : حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ کر دیا
مٹی کےتیل کی قیمت تین روپے فی لیٹر بڑھ گئی، اب مٹی کا تیل نواسی روپےاکتیس پیسے اور لائٹ ڈیزل اسی روپے چون پیسے فی لیٹر ملےگا جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی تین روپے بڑھادی گئی۔
اوگرا نے پٹرول گیارہ روپے اکیانوے پیسے اورہائی اسپیڈ ڈیزل گیارہ روپے سترہ پیسے بڑھانے جبکہ مٹی کا تیل چھ روپے پینسٹھ پیسےاور لائٹ ڈیزل چھ روپے انچاس پیسے مہنگا کرنے کی تجویز دی تھی۔