بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر اور گجرات میں مون سون کی موسلا دھار، طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں مون سون کی موسلا دھار، طوفانی بارشوں کے بعد ممبئی میں میٹروپولیٹن انتظامیہ نے اورنج الرٹ جاری کردیا، مخلتف حادثات میں 6 افراد ہلاک ہو گئے۔
تجارتی دارالحکومت ممبئی اور پونہ میں بیشتر علاقے زیرِآب آگئے ہیں، ممبئی میں موسلا دھار بارش نے سڑکوں کو یوں ڈبودیا کہ وہ دریا بن گئیں، عمارتوں کی دو منزلیں پانی میں ڈوب گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بارش کے باعث موٹر سائیکل گاڑیاں مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئیں، سینکڑوں افراد پانی میں پھنس گئے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ممبئی اور پونہ میں تجارتی و صنعتی علاقے بند کردیے گئے، پونے کے علاقے شیواجی نگر میں 66 سال میں سب سے زیادہ بارش ایک سو چودہ ملی میٹر ہوئی، اس سے پہلے جولائی 1998 میں 130 اور جولائی 1966 میں 117 ملی میٹڑ بارش ہو ئی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق متعدد ایئر لائن نے ممبئی کی پروازیں منسوخ کردیں، ایئر انڈیا اور انڈیگو کی سیکڑوں اندرونی پروازیں معطل ہو گئیں، ایئر لائنز نے مسافروں کو ایئر پورٹ کے لیے نکلنے سے پہلے ٹیلی فون پر اپ ڈیٹ لینے کی ہدایات جار ی کر دیں۔