لاہور : سیکرٹری صحت پنجاب نے جنرل اسپتال کی ہیڈ نرس کو نوکری سے فارغ کردیا، نرس نے ملازمین کو اسپتال میں کام روکنے پر اکسایا۔
تفصیلات کے مطابق اسپتالوں کے آوٹ ڈور بند کرنے والے عملے کے خلاف کاروائی شروع کردی گئی۔
سیکرٹری صحت پنجاب نے جنرل اسپتال کی ہیڈ نرس کو نوکری سے فارغ کردیا، جاری مراسلے میں کہا کہ ہیڈ نرس خالدہ تبسم نے اوپی ڈی بند کرواکر مریضوں کو مشکل میں ڈالا اور دیگر ملازمین کو اسپتال میں کام روکنے پر اکسایا۔
مراسلے میں کہنا تھا کہ اسپتال کی انتظامیہ کے احکامات کی خلاف ورزی کی گئی، ہیڈ نرس نے اسپتال میں ریلیوں کا انعقاد کیا، اسپتال کا کام متاثر ہوا۔
محکمہ صحت پنجاب نے کہا کہ ہیڈ نرس خالدہ تبسم نے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے دھرنے میں محکمے کے مخالف تقاریر بھی کیں، پیڈ ایکٹ کے تحت ہیڈ نرس خالدہ تبسم کو نوکری سے برخاست کیا ہے۔
خیال رہے گرینڈ ہیلتھ الائنس ہسپتالوں میں آوٹ ڈور ہڑتال جاری ہے، سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں معمول کے آپریشن بھی رک گئے ،علاج معالجے کی بدترین بندش سے مریض پریشان ہوگئے جبکہ آپریشن نہ ہونے کی وجہ سے انسانی زندگیاں خطرے میں پڑگئیں۔