تازہ ترین

پنجاب: کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 5 ارب روپے مختص

لاہور: پنجاب حکومت نے کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 5 ارب روپے مختص کر دیے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پانچ ارب روپے مختص کر دیے، اس سے قبل صوبائی حکومت نے 23 کروڑ 60 لاکھ کی رقم مختص کی تھی۔

اطلاعات کے مطابق 27 فروری کو کرونا وائرس کے سلسلے میں مختص کی جانے والی معمولی رقم کا بھی مکمل استعمال نہیں کیا گیا تھا جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ناپسندیدگی کا اظہار کر دیا تھا۔

پنجاب حکومت نے حفاظتی سامان کے حصول کے لیے این ڈی ایم اے کو 50 کروڑ روپے جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

بلوچستان میں کرونا وائرس کے مزید 29 کیسز کی تصدیق

دریں اثنا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں ماسک اور سینیٹائزر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم جاری کر دیا ہے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانون کے مطابق بلاتفریق ایکشن لیا جائے گا، عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ عوام کو ماسک اور سینیٹائزر کی مقررہ قیمت پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے تشخیصی کٹس جلد منگوانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے، ان کا کہنا تھا کہ صوبائی ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ آج کرونا کے سلسلے میں قائم کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس کو رات 7 یا 8 بجے بند کرنے کی تجویز بھی دی گئی، جس پر وزیر اعلیٰ نے متعلقہ کمیٹیوں کو جائزہ لے کر حتمی سفارشات دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں گھروں میں بھی شادی کی تقریبات بند کرنے کی تجویز سامنے آئی تھی۔

Comments

- Advertisement -