لاہور: محکمہ صحت پنجاب نے کرونا وائرس کی پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے نئی ہدایات جاری کردیں، شادی کی ان ڈور تقریبات میں 500 مہمان شرکت کر سکیں گے، آؤٹ ڈور تقریبات میں ویکسی نیٹڈ افراد کی تعداد پر کوئی پابندی نہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے کرونا وائرس کی پابندیوں میں نرمی کر دی، محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ کاروباری مراکز کرونا ایس او پیز کے تحت کھولے جائیں گے۔
محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ ریستوران میں ویکسی نیٹڈ افراد کو ان ڈور اور آؤٹ ڈائننگ کی اجازت ہوگی۔
شادی کی ان ڈور تقریبات میں 500 مہمان شرکت کر سکیں گے، آؤٹ ڈور تقریبات میں ویکسی نیٹڈ افراد کی تعداد پر پابندی نہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق مزارات میں بھی صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو آنے کی اجازت ہوگی، جم کھلے رہیں گے اور کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
دفاتر 100 فیصد ویکسی نیشن پر مکمل عملے کے ساتھ کھل سکتے ہیں۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ 80 جبکہ ٹرینیں 100 فیصد مسافروں کے ساتھ چل سکیں گی، پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانے فراہم کرنے پر پابندی برقرار رہے گی۔
تعلیمی اداروں کو کھلنے کی اجازت ہوگی تاہم 12 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسی نیٹڈ ہونا ضروری ہوگا۔