پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں عوامی نمائندوں کی تنخواہیں چار لاکھ کرنے کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں عوامی نمائندوں کی تنخواہوں میں اضافے کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا، اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہ 76 ہزار سے بڑھا کر 4 لاکھ کر دی گئی جبکہ صوبائی وزراء کی تنخواہ 1 لاکھ سے بڑھا کر 9 لاکھ 60 ہزار کر دی جائے گی۔
صوبائی وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان نے عوامی نمائندوں کی تنخواہوں میں اضافہ کا بل پیش کیا، اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بچھر نے بل کی منطوری کے قانونی نقطہ اٹھایا، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے برخلاف قانون کسی بھی بل کی مخالفت کا یقین دلایا۔
وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی اجازت سے رولز کو معطل کرنے کی تحریک پیش کی، ایوان نے مسودہ قانون عوامی نمائندگان نظر ثانی بل 2024 پیش کیا، پنجاب اسمبلی کے ایوان میں ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کی نظر ثانی بل کی 8 کلازز کی منظوری دے دی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کی تنخواہ 1 لاکھ 25 ہزار سے بڑھا کر 9 لاکھ 50 ہزارجبکہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی تنخواہ 1 لاکھ 20 ہزار سے بڑھا کر 7 لاکھ 75 ہزار ہو گی۔
علاوہ ازیں پارلیمانی سیکرٹریز کی تنخواہ 83 ہزار سے بڑھا کر 4 لاکھ 51 ہزار ، اسپیشل اسسٹنٹ کی تنخواہ 1 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ 65 ہزار اور ایڈوائزر کی تنخواہ 1 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ 65 ہزار کردی جائے گی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نےاپوزیشن رکن سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ بل آپ کی مراعات سے متعلق ہے، آپ کو حکومت کا شکر گزار ہونا چاہیے،ارکان اسمبلی کے مطالبات کے بغیر ہی آپ کی تنخواہوں کے معاملے پر نظر ثانی کی ہے، ایوان نے متفقہ طور پر ارکان اسمبلی کی تنخواہوں کا بل منظور کرلیا۔