لاہور : جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد وزیراعظم نواز شریف کے استعفے کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعظم نواز شریف کے استعفیٰ کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی گئی ۔
قرارداد پی ٹی آئی رکن شعیب صدیقی نے جمع کرائی، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی کے ارکان نے سپریم کورٹ میں اپنی رپورٹ جمع کرا دی ہے، جس کے مطابق نواز شریف اور ان کے خاندان کے افراد کرپشن، جھوٹ اور بددیانتی میں ملوث پائے گئے۔
قرارداد کے مطابق رپورٹ سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے۔ شریف خاندان کئی سالوں سے عوام اور انکے ووٹ کی تذلیل کر رہا ہے، نواز شریف وزارت عظمٰی کے اہل نہیں رہے، مستعفی ہو جائیں۔
مزید پڑھیں : جےآئی ٹی کی شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنس کی سفارش
یاد رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ میں کل پیش کی جانے والی رپورٹ نے تہلکہ مچا دیا، جس میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف فیملی کاروبار سے فائدہ اٹھاتے رہے، گوشواروں میں غلط بیانی کی، مریم نواز آف شور کمپنیوں نیلسن اور نسکول کی مالک ہیں، شریف فیملی ذرائع آمدن ثابت نہیں کرسکا، مجرم تصور کیا جائے۔
جے آئی ٹی نےدو ماہ چلنے والی پیشیوں پر پیشیوں کا نچوڑ پیش کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ آف شور کمپنیوں کے ذریعے رقوم منتقل کی گئیں، جن سے نہ صرف برطانیہ میں مہنگی جائیداد خریدی گئی۔ بلکہ برطانیہ، سعودی عرب، یواے ای اور پاکستان میں رقوم گردش کرتی رہیں۔
رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ قیمتی تحائف اور قرض کی شکل میں رقوم نوازشریف اورحسن نواز نے وصول کیںک، کمپنیاں واضح طورپر خسارے میں تھیں۔ یہ بات آنکھوں میں دھول جھونکنے کے برابر ہے کہ قیمتی جائیدادیں کاروبار سے خریدی گئیں۔
رپورٹ میں وزیراعظم نواز شریف ، مریم نواز، حسین نواز اور حسن نواز کے خلاف نیب میں ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔