لاہور : پنجاب میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر 7 اضلاع کے اسکولوں میں غیرنصابی سرگرمیوں اور اسپورٹس پر پابندی عائد کرتے ہوئے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی سختی سے ہدایت کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کورونا کیسز کی دوبارہ بڑھتی صورتحال کے باعث 7 اضلاع کے اسکولوں میں غیرنصابی سرگرمیوں اور اسپورٹس پر پابندی عائد کردی۔
اس حوالے سے محکمہ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ 20فیصد سے زائد کیسزوالے اضلاع میں غیرنصابی سرگرمیاں نہیں ہوں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ اضلاع میں لاہور، فیصل آباد،گجرات ،ملتان، رحیم یار خان، سیالکوٹ ،راولپنڈی شامل ہیں ، ان 7اضلاع کو اسکولوں میں ایکٹیوٹی کرانے سے روک دیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن میں مذکورہ اضلاع میں اسکولوں کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے چند روز قبل کورونا کے بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کے پیش نظر مقامی انتظامیہ نے لاہور کے مزید 12 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا تھا، مذکورہ علاقوں میں شاپنگ مالز، ریستورنٹس اور دفاتر بند رہیں گے۔