لاہور: پنجاب بار کونسل نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف پیش کی گئی 6 نکاتی قرارداد منظور کرلی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ انہیں سپریم کورٹ کے جج کے عہدے سے برطرف کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بار کونسل کا اجلاس ہوا جس میں جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف قرار داد پیش کی گئی۔ قرار اداد کے متن میں مطالبہ کیا گیا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو سپریم کورٹ کے جج کے عہدے سے ہٹایا جائے۔
قرارداد میں آرٹیکل 209(پانچ) کے تحت کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا جبکہ متن میں یہ بھی کہا گیا کہ ’ عدلیہ کےارکان کو آئین کے اختیار میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہیے،جسٹس شوکت عزیز نے بغیر ثبوت عدلیہ اور سیکیورٹی اداروں کو نشانہ بنایا تھا، جس پر سپریم جوڈیشل کونسل نے اُن کو بالکل درست عہدے سے برطرف کیا۔
مزید پڑھیں: بتایاجائےدھرنےکے پیچھے کون ہے،دھرنے کا فائدہ کس کو ہورہا ہے، جسٹس قاضی فائز
قرارداد میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی حمایت میں کراچی بار ایسوسی ایشن کے چلینج کو بھی ناقابل فہم قرار دیا گیا جبکہ قاضی فائز عیسی کے خلاف بھی فیض آباد دھرنا کیس فیصلے کے بعد جوڈیشل کونسل کی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ جسٹس فائز عیسیٰ نے اسلام آباد کےعلاقے فیض آباد میں ہونے والے دھرنے کا فیصلہ جاری کیا تھا جس کے خلاف حکومتی جماعت سمیت ایم کیو ایم، شیخ رشید احمد نے سپریم کورٹ میں نظر ثانی درخواستیں دائر کیں ہیں۔