لاہور : پنجاب کابینہ کے بارہ نئے وزراء نے حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب چوہدری سرور نے نئے وزرا سے حلف لیا، نئے وزراء کی شمولیت کے بعد پنجاب کابینہ میں وزراء کی تعداد 35 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ میں توسیع کردی گئی، گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی، تقریب میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزرا اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
تقریب میں پنجاب کابینہ کے بارہ نئے وزراء نے حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب چوہدری سرور نے نئے وزراء سےحلف لیا۔
نئے وزراء میں سعید الحسن، مہر اسلم بھروانہ، حسین جہانیاں گردیزی، محمد اجمل، محمد اخلاق، آشفہ ریاض، شوکت لالیکا اور زوار حسین وڑائچ شامل ہیں۔
محمداختر، محمد خالد، جہانزیب کھچی اور اعجازمسیح بھی صوبائی وزیر بن گئے۔
نئے وزراء کی شمولیت کے بعد پنجاب کابینہ میں وزراء کی تعداد پینتیس ہوگئی ہے۔
یاد رہے دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب کابینہ میں توسیع کی حتمی منظوری دی تھی۔
خیال رہے 27 اگست کو پنجاب کی 23 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا تھا ، قائم مقام گورنر پنجاب پرویز الٰہی نے وزرا سے حلف لیا تھا۔
کابینہ میں شامل علیم خان کو بلدیات، یاسمین راشد کو صحت، فیاض الحسن چوہان کو وزارتِ اطلاعات، میاں محمود الرشید ہاؤسنگ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے وزیر، میاں اسلم اقبال انڈسٹری، کامرس اینڈ انویسٹمنٹ کے وزیر، یاسر ہمایوں ہائر ایجوکیشن، تیمور خان یوتھ افیئرز اور کھیلوں کے وزیر جبکہ ہاشم بخت وزیر خزانہ مقرر کیے گئے تھے۔
گذشتہ روز وفاقی کابینہ کے6 نئے وزرا ء نے حلف اٹھایا تھا، صدر ڈاکٹر عارف علوی نے نئے وزراء سے حلف لیا جبکہ میاں سومرو نے وزیر مملکت کا عہدہ لینے سے انکار کردیا تھا۔
حلف اٹھانے والوں میں تین نئے وزرا ء اور تین وزرائے مملکت شامل تھے، علی محمد خان، عمر ایوب، علی زیدی نے وفاقی وزیر جبکہ مراد سعید، محمد شبیر علی اور محمد حماد اظہر نے وزیرمملکت کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔
کابینہ میں شامل عمر ایوب کو وفاقی وزیر برائے توانائی جبکہ علی زیدی کو وفاقی وزیر برائے بحری امور کا قلمدان سونپا گیا۔