لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کشمیر کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر خصوصی کمیٹی قائم کردی، وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت پنجاب کشمیرکمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرقانون پنجاب اور پنجاب کشمیر کمیٹی کے سربراہ راجہ بشارت نے کمیٹی کا پہلا اجلاس کل طلب کرلیا۔ چیف سیکرٹری، سیکرٹری اطلاعات وثقافت ،حکومتی جماعت کے اراکین اسمبلی نذیر احمد چوہان، عظمی کاردار، محمد ندیم قریشی اور مہندر پال سنگھ کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دو اراکین اسمبلی اپوزیشن سے اور ایک (ق) لیگ سے لیا جائے گا۔ کشمیر کے اندر بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو مانیٹر کرنا کمیٹی کی ذمہ داری میں شامل ہے ۔
پنجاب کشمیر کمیٹی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کو دنیا کے سامنے پیش کرے گی
مقبوضہ کشمیرمیں 25ویں روز بھی کرفیو
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 25ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔