لاہور : پنجاب میں کورونا صورتحال میں بہتری کے پیش نظر 36 اضلاع میں لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کرلیا گیا ، اطلاق آج سے 31اکتوبر تک پنجاب کے تمام اضلاع پر ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں کرونا وائرس کے بتدریج کم ہوتے خطرہ کے پیش نظر لاک ڈاون میں نرمی کا فیصلہ کرلیا ، تمام اضلاع میں لاک ڈاؤن آرڈر میں نرمی کے احکامات کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے ، احکامات کا اطلاق 16 اکتوبر سے 31اکتوبر تک صوبے کے تمام اضلاع پر ہو گا۔
سیکرٹری عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے کہ مارکیٹ اور کاروباری مراکز 10 بجے تک کھل سکیں گے اور پنجاب بھر میں ہفتہ کے ساتوں دن معمولات زندگی بحال رہیں گے
نوٹیفکیشن کے مطابق ہوٹلز اور ریسٹیورنٹس میں انڈور ڈائننگ کی 50فیصد گنجائش کے ساتھ صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو رات 11:59 تک اجازت ہو گی جبکہ آؤٹ ڈور ڈائننگ میں بھی رات 11:59 تک صرف ویکسی نیٹڈ افراد کے داخلے کی اجازت ہے۔
عمران سکندر بلوچ کا کہنا تھا کہ انڈور شادیوں کی تقریبات صرف 300 اور آؤٹ ڈور شادیوں میں صرف 500 ویکسی نیٹڈ افراد کی اجازت ہو گی۔
سیکرٹری ہیلتھ کے مطابق تمام مزارات اور سینما گھر مکمل ویکسی نیٹڈ افراد کے لیے کھلیں رہیں گے جبکہ انڈور اجتماعات میں صرف 300 اور آؤٹ ڈور اجتماعات میں 1000 ویکسی نیٹڈ افراد کی شرکت کی اجازت ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کانٹیکٹ سپورٹس میں صرف مکمل ویکسی نیٹڈ افراد ہی حصہ لے سکیں گے اور جمز تمام مکمل ویکسی نیٹڈ افراد کے لیے کھلیں گے۔
عمران سکندر بلوچ نے کہا کہ تمام نجی و سرکاری دفاتر معمول کے اوقات میں 100 فیصد عملہ کے ساتھ کام کرسکیں گے، پبلک ٹرانسپورٹ 70 فیصد ویکسی نیٹڈ مسافروں کے ساتھ ہفتہ کے ساتوں دن چل سکے گی تاہم سفر کے دوران ہر قسم کی رفریشمنٹس پر مکمل پابندی ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریل سروس 70فیصد گنجائش کے ساتھ چل سکے گی، تفریحی مقامات 50 فیصد کپیسٹی کے ساتھ کھل سکیں گے اور کنٹرولڈ سیاحت کی ویکسی نیٹڈ افراد کو اجازت ہو گی۔
سیکرٹری ہیلتھ نے بتایا تمام تعلیمی ادارے معمول کے اوقات میں 100فیصد حاضری کے ساتھ کھل سکیں گے، 12سال سے زائد عمر کے تمام طالب علم ویکسی نیشن یقینی بنائیں گے جبکہ زرعی اور صعنتی شعبے کو اس نوٹیفیکیشن سے استثنی حاصل ہو گا۔
عمران سکندر بلوچ کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نوٹیفیکیشن کا باقاعدہ اطلاق یقینی بنائیں گے۔